سراوان(ھمگام نیوز ) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر سراوان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں قابض ایرانی بارڈر فورسز اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور بارڈر سیکیورٹی کے سماجی معاونت شعبے کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا ۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت گروهبان یکم سبحان سنچولی کے طور پر کی گئی ہے، جو زابل کے رہائشی تھے اور سرحدی یونٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق وہ دھماکے کے نتیجے میں دونوں ٹانگوں پر شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ بارودی سرنگ مبینہ طور پر پاسدارانِ انقلاب (سپاہ پاسداران) کی جانب سے نصب کی گئی تھی، تاہم اس دعوے کی سرکاری سطح پر مکمل وضاحت یا آزاد تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں اسی خطے میں بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد کے باعث متعدد بلوچ شہری بھی جانبحق اور زخمی ہو چکے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی آبادی کی جانب سے شدید تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی عام شہریوں کی زندگی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے، جبکہ ان کی صفائی اور خطرے سے نمٹنے کے اقدامات کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔


