جمعه, نوومبر 29, 2024
Homeخبریںسعودی زیر قیادت اتحاد کا یمن میں فوجی کارروائی روکنے کا فیصلہ

سعودی زیر قیادت اتحاد کا یمن میں فوجی کارروائی روکنے کا فیصلہ

ریاض (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ رمضان کے ماہ میں سیاسی مذاکرات اور قیام امن کی کوششوں کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتا ہے۔ تاہم حوثی باغیوں نے جنگ بندی کی اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے زیر قیادت عسکری اتحاد نے 29 مارچ منگل کے روز کہا کہ اس نے اس بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوششوں کے مقصد سے یمن میں جاری اپنے فوجی حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے یمن کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو مکمل طور پر دوبارہ کھولے بغیر اتحاد کی جنگ بندی کی اس تجویز کو “بے معنی” قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ نے رمضان کے مہینے میں یمن کے اندر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد سعودی عرب کے قیادت والے عسکری اتحاد کی طرف سے اس فیصلے کا اعلان کیا گيا۔ ممکنہ طور پر ماہ رمضان کا آغاز دو اپریل سے ہو سکتا ہے۔ 

سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ “اس طرح اتحاد یمن میں اپنی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کرتا ہے، جس کا نفاذ بدھ 30 مارچ 2022 کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ  بجے ہو گا۔”

سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد کے ایک ترجمان ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ اتحاد، “جنگ بندی کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ایک مثبت ماحول پیدا کرے گا، تاکہ امن قائم کرنے کے ساتھ ہی اس بحران کو ختم کیا جا سکے۔”

یہ بھی پڑھیں

فیچرز