Homeانٹرنشنلسعودی عرب،یمن سرحد کے قریب حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں دوبحرینی...

سعودی عرب،یمن سرحد کے قریب حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں دوبحرینی فوجی ہلاک

جدہ(ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق یمن اور سعودی عرب کے درمیان سرحد پر حوثی ملیشیا کے ایک ڈرون حملے میں دو بحرینی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

بحرینی فوج نے سوموار کو ایک بیان میں ان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی این اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے دونوں فوجی یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرپیکارعرب اتحاد کا حصہ تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فوجی برادر ملک سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں کے دفاع کا قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات بحرینی افواج کے خلاف مسلح ڈرون سے حملہ کیا ہے اور یہ حملہ ’’یمن میں متحارب فریقوں کے مابین فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے باوجود‘‘ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے 2015 میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت کی تھی لیکن گذشتہ قریباً ڈیڑھ ایک سال سے متحارب فورسز کے درمیان مجموعی طور پر جنگی کارروائیاں رکی ہوئی ہیں اور ان کے درمیان امن عمل کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Exit mobile version