ریاض (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے منگل کے روز یمن سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے چھوڑے گئے ڈرون کو مار گرایا ہے۔
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا نے بارود سے لدے اس ڈرون کو یمن کے شمالی علاقے سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کی جانب چھوڑا تھا۔
عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم شہریوں اور شہری املاک کو اس طرح کے مخالفانہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔
یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے گذشتہ جمعرات کو بھی خمیس مشیط کی جانب ڈرون چھوڑا تھا اور جنوبی صوبہ عسیر میں ایک اسکول پر ڈرون حملہ کیا تھا۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا تھا کہ ڈرون اسکول کی عمارت پر گرا تھا لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔


