پنجشنبه, جنوري 9, 2025
Homeخبریںسمندری طوفان فانی نے بھارت اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی، 30...

سمندری طوفان فانی نے بھارت اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی، 30 افراد ہلاک

نئ دہلی(ہمگام نیوز ڈسک) سمندری طوفان ’’فانی‘‘ نے بھارت اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ’’فانی‘‘ بھارت اور بنگلہ دیش میں 5 سال کے دوران آنیوالا سب سے تباہ کن طوفان ہے، جس کے باعث سیکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ لاکھوں لوگوں کو گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنا پڑی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکام کے مطابق سمندری طوفان سے اب تک 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں اکثریت کا تعلق اڑیسہ سے ہے جبکہ بنگلہ دیشی حکام نے 12 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان کے باعث بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے لگ بھگ 12 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، مغربی بنگال میں سمندری طوفان کے باعث 35 ہزار سے زائد لوگوں نے شیلٹرز میں رات گزاری، 240 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور موسلا دھار بارش سے اڑیسہ کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں تباہی مچ گئی۔
بھارت میں 20 برس کے دوران آنیوالے بدترین طوفان سے شہریوں کو بچانے کیلئے ریاستی حکومتوں کی جانب سے ایک ہزار عارضی قیام گاہیں تیار کی گئی ہیں جبکہ بندرگاہوں پر جہازوں کی آمد و رفت سمیت تمام آپریشنز بند کردیئے گئے ہیں، آندھرا پردیش اور تامل ناڈو کی ریاستوں میں بھی ممکنہ طوفان کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
اوڑیسہ میں تمام اسکول اور یونیورسٹیوں کو بند کر دیا گیا ہے، بھارتی ریاست آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں بھی تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے۔
موسمی حال بتانے والوں نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث مغربی بنگال کے نشیبی علاقوں میں 5 فٹ تک سیلاب کا خطرہ ہوسکتا ہے، سائیکلون ’’فانی‘‘ چوتھا سمندری طوفان ہے جو گزشتہ 3 دہائیوں میں بھارت کے مشرقی ساحل سے ٹکرایا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز