سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںسپین میں طیارے کی میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ، متعدد مسافر فرار

سپین میں طیارے کی میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ، متعدد مسافر فرار

( ہمگام نیوز) سپین کے ایک مصروف ترین ایئرپورٹ کو اس وقت چار گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑا جب ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والے ایک طیارے کے متعدد مسافر وہاں سے فرار ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پالما دی ملورکا ایئرپورٹ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مراکش سے ترکی جانے والے طیارے نے بحیرہ روم کے جزیرے ملورکا پر میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کی۔

جزیرے کی سول گارڈ پولیس کے مطابق بیمار مسافر کو طیارے سے نکال کر ہسپتال پہنچانے کے دوران موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 مسافر فرار ہو گئے جبکہ جہاز ٹارمک پر کھڑا تھا۔

پولیس کے مطابق دو افراد کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔
مقامی اخبار ال پیس نے خبر دی ہے کہ تفتیش کار اس مفروضے پر بھی کام کر رہے ہیں کہ سپین میں غیرقانونی طور پر داخلے کے لیے طبی ایمرجنسی کی صورتحال جان بوجھ کر پیدا کی گئی ہو۔

اخبار کے مطابق جس مسافر نے خرابی صحت کی شکایت کی تھی جب اس کو ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کو مکمل صحتمند قرار دیا جس پر حکام نے ’غیرقانونی امیگریشن میں معاونت‘ کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق مبینہ بیمار مسافر کو ہسپتال تک لے جانے والا مسافر بھی موقع سے غائب ہو گیا جبکہ حکام نے کُل پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق سکیورٹی کے اس واقعہ کی وجہ سے جزیرے پر آنے والی 13 فلائٹس کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ پالما دی ملورکا سے اڑنے والی 16 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایئرپورٹ کو چار گھنٹے بند رکھنے کے بعد رات گئے پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز