جمعه, اپریل 4, 2025
Homeخبریںسیاست اور کُرسی کی پرواہ نہیں ہے بلکہ مجھے اپنے ملک اورعوام...

سیاست اور کُرسی کی پرواہ نہیں ہے بلکہ مجھے اپنے ملک اورعوام کی فکر ہے:نریندر مودی

نیودہلی(ہمگام نیوزڈیسک)میڈیا اطلاعات کے مطابق انڈیا کے شہر احمد باد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہاں اپوزیشن والے کہہ رہے ہیں یہ تو الیکشن والا کھیل ہے ، اپوزیشن یہ بتائے کہ جب ہم نے پہلے سرجیکل سٹرائیک کی تھی تب الیکشن کہاں تھے ؟ ہندوستانی وزیراعظم نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا وعدہ ہے کہ ہم دشمن کے گھر میں گُھس کر اسے مارینگے۔
کوئی بھی ملک ایسی تکلیف دہ صورتحال میں نہیں رہ سکتا جبکہ دہشت گرد 40 سال سے انڈیا کے سینے میں گولیاں داغ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بم دھماکے کر کے بے گناہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے لیکن ووٹ بینک کی سیاست میں ڈوبے ہوئے لوگ قدم اٹھانے سے ڈرتے ہیں۔ نریندر مودی نے مزید کہا کہ مجھے سیاست اور کُرسی کی پرواہ نہیں ہے بلکہ مجھے اپنے ملک اور لوگوں کی فکر ہے۔احمد آباد میں ایک انتخابی جلسے میں تقریر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو نشانہ بنائیں گے چاہے وہ زمین کی تہوں میں ہی کیوں نہ چھپ جائیں۔
انڈین میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے انتخابی ریلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ایک کام مکمل ہو گیا ہے تو ان کی حکومت سوئے گی نہیں بلکہ ایک اور کارروائی کی تیاری کرے گی‘۔ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب بڑے اور تلخ فیصلے کرنے کا موقع ہو گا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مودی نے حزب اختلاف کے لیڈروں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فوج خلاف باتیں کر کے پاکستانی میڈیا کو اسے اچھالنے کا موقع نہ دیں، کیونکہ ہمارے اپوزیشن لیڈر جو کچھ کہتے ہیں وہ پاکستانی میڈیا کی شہ سرخیاں بن جاتی ہیں۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا اصول یہ ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے گھروں کے اندر مار دو۔
ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کے دہشت گردی کیمپ پر انڈین فضائیہ کا حملہ پلوامہ خودکش بم دھماکے کاجواب تھا۔ اسے پارلیمنٹ کے انتخابات سے نہیں جوڑنا چاہیے۔

نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کی جانب سے پکڑے جانے والے پائلٹ ابھی نندن ورتھامان کی رہائی کو خیر سگالی کا اظہار قرار دینے جانے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ابھی ایک پائلٹ پراجیکٹ پورا ہو گیا ہے۔ ابھی اصل کام کرنا باقی ہے۔ پہلے تو پریکٹس تھی‘‘۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز