کراچی ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیلاب زدگان کی امدادی مہم کے تحت سعودی عرب کی طرف سے دوسرا امدادی طیارہ کراچی پہنچ گیا ہے۔
العربیہ نیوز چینل کے نامہ نگار کے مطابق طیارے میں 90 ٹن کا امدادی سامان ہے جس میں غذائی اشیا کے علاوہ صحت سے متعلق اشیا اور خیمے موجود ہیں۔
بادشاہ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے تحت پہنچنے والا یہ سامان 9500 متاثرین کے لیے کافی ہو گا۔
شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم ہو چکا ہے جس کے تحت متاثرین کے لیے مختلف قسم کے امداد سامان کی فراہمی کی جارہی ہے۔
دوسری طرف اسلام آباد میں متعین سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ ’پاکستان کو امدادی سامان پہنچانے والا اولین ملک سعودی عرب ہے‘۔
’امدادی سامان سے بھرا ہوا پہلا طیارہ کراچی پہنچ چکا ہے جس میں 15 ہزار سے افراد کے لیے غذائی پیکٹ تقسیم کر دیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم چار مختلف قسم کے پلان پر کام کر رہے ہیں جس میں سب سے پہلا غذا اور رہائش کی فراہمی ہے۔ دوسرا پلان امدادی سامان کا فضائی پل ہے جس میں متاثرین کی ضرورتیں پوری کی جائیں گی۔‘
اس سلسلے میں آج کراچی ایئر پورٹ پر دوسرا طیارہ پہنچ چکا ہے جس میں مختلف قسم کا امداد سامان موجود تھا۔
’تیسرا پلان یہ ہے کہ ہم سعودی عوام سے عطیات مہم جمع کر رہے ہیں جو ملک بھر میں شروع ہو چکی ہے‘۔
نواف المالکی نے کہا ہے کہ ’ہمارا چوتھا پلان یہ ہے کہ آئندہ ہفتوں میں ہم نقصان کا تخمینہ لگائیں گے۔ سیلاب کے باعث کتنے مکانات گر گئے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو کتنا نقصان ہوا ہے‘۔
ادھر سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’اے پی پی‘‘ نے دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے اب تک متحدہ عرب امارات سے 39، ترکیہ سے 13، چین سے 4، ازبکستان سے ایک، قطر سے چار، فرانس سے ایک، یونیسیف کی دو، اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ ( یو این ایچ سی آر) کی 8 ، ترکمانستان سے ایک، اردن کی ایک اور عالمی ادارہ خوراک کی 3 اور امریکہ سے 11 پروازیں، نیپال سے ایک اور سعودی عرب سے دو پروازیں امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے بلوچستان مکمل سیلابی ریلوں، طوفانوں اور تیز بارشوں سے ڈوب چکا ہے جبکہ قابض پاکستان بلوچستان کے نام پر دنیا بھر امداد اکٹھا کر رہا ہے اور قابض پاکستانی فوج اس امداد کو بلوچستان میں ریلیف سیلاب زدگان کے نام پر نہ صرف بلوچوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے بلکہ کئی علاقوں میں فوجی جارحیت بھی کر رہا ہے ـ


