کوئٹہ (ہمگام نیوز ) کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں لینڈ کروزر گاڑی کو روکنے کے اشارے پر نہ رکنے کے بعد پولیس کے تعاقب کے دوران جوائنٹ روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں اطلاعات کے مطابق دو پولیس اہلکار ھلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے تھے۔
باخبر ذرائع کے فراہم کردہ اطلاعات میں نوکنڈی، ضلع چاغی سے تعلق رکھنے والے شہزاد ایجباڑی ولد بغداد ایجباڑی سمیت گاڑی میں سوار دیگر مسلح افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ گاڑی پر ایم پی اے چاغی کا سائن بورڈ نصب تھا۔
ذرائع سے منسوب دعووں کے مطابق شہزاد ایجباڑی سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خالہ زاد بھائی ہیں، جبکہ شہزادایجباڑی کو بھی ماضی اور موجودہ سیاسی دور میں ایم پی اے چاغی کے قریبی افراد میں شمار کیا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد سیاسی اثرورسوخ، گاڑی پر ایم پی اے کے سائن بورڈ کے استعمال اور مبینہ سرپرستی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ متعلقہ سیاسی شخصیات کا مؤقف اور ان دعووں کی آزادانہ تصدیق تاحال درکار ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے فائرنگ میں ملوث افراد اور گاڑی پر سائن بورڈ کی حیثیت واضح کی جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں سہولت کاری ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔


