میران شاہ(ہمگام نیوز)شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج پر حملے ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کی بھاری جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں –
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں مسلح افراد نے ایک فوجی اہلکار کو سنائپر کے ذریعے حملے کا نشانہ بنایا جو موقع پر ہلاک ہوگیا ـ اس کے بعد دتہ خیل ہی میں فوج کی ایک پوسٹ پر شدت پسندوں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ـ
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ حملے میں فوج کے کم از کم تین اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے بعد فوجی پوسٹ کو شدت پسندوں نے آگ لگا کر نذر آتش کردیا ۔
سیکیورٹی ذرائع نے بھی ٹرائبل نیوز کو بتایا کہ رات کی تاریکی میں کئے گئے اس حملے میں کئی اہلکار ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں ۔
دوسری جانب تحصیل میران شاہ میں بھی فوج کو تین مختلف سنائپر حملوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے تین اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ـ
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے حملوں کی زمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوا کیا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم 7 فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ـ