صدر ٹرمپ کی حمایت میں جھیل پر پریڈ کے دوران کئی کشتیاں ڈوب گئیں
ٹیکساس (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے لیے امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک جھیل پر پریڈ کے دوران کئی کشتیاں ڈوب گئیں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسا ریاست کے دارالحکومت آسٹن کے قریب ٹریوس جھیل پر بڑی تعداد میں کشتیوں کے ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی وجہ سے ہوا۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ لوگوں کو پانی سے ریسکیو کرنا پڑا تاہم ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ٹریوس ٹرمپ بوٹ پریڈ نامی اس ایونٹ کا انعقاد فیس بک پر کیا گیا تھا اور 2600 سے زائد افراد نے اس میں اپنی شرکت کے بارے میں بتایا تھا۔
ٹریوس کاؤنٹی شیرف دفتر کی ترجمان کرسٹن ڈارک نے کہا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم جان بوجھ کے ہونے والے کسی عمل کا ثبوت نہیں ملا۔
انھوں نے کہا ’ہم نے تکلیف اور پریشانی میں مبتلا کشتیوں کی متعدد کالز کا جواب دیا، ان میں سے کئی ڈوب گئیں۔ آج ہمارے پاس جھیل پر غیر معمولی تعداد میں کشتیاں تھیں اور جب وہ سب ایک ہی وقت میں چلنے لگیں تو اس سے تیز لہریں پیدا ہوئیں۔‘
فیس بک پر اس ایونٹ کے پیج پر کشتیوں کو 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کا کہا گیا تھا۔
آسٹن میں محکمہ موسمیات کے پال یورا نے ایسوسی ایٹڈ پریش کو بتایا کہ پریڈ کے وقت علاقے میں کوئی طوفان نہیں تھا۔