یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںصومالیہ: الشباب کیمپ پہ امریکی حملہ 150 شدت پسند ہلاک

صومالیہ: الشباب کیمپ پہ امریکی حملہ 150 شدت پسند ہلاک

واشنگٹن( ہمگام نیوز)پینٹاگان کے مطابق امریکی افواج کی جانب سے صومالیہ میں کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں شدت پسند گروہ الشباب کے 150 سے زیادہ جنگجو مارے گئے ہیں۔امریکی فوجی ادارے پینٹاگان کے ترجمان کیپٹن ڈیوس کے بقول ڈرون حملے میں گروہ کے ایک تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں شدت پسند جمع ہو کر بڑے حملے کی منصوبے بندی کر رہے تھے۔ترجمان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ حملے میں 150 سے زیادہ جنگجو مارے گئے ہیں۔کیپٹن ڈیوس نے بتایا کہ سنیچر کو کی جانے والی اس کارروائی میں ملک کے دارالحکومت موگادیشو سے تقریباً 120 میل کی دوری پر واقع ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔پینٹاگان کے ترجمان کے مطابق ’اس کیمپ کی کافی عرصے سے نگرانی کی جا رہی تھی اور ہم نے محسوس کیا کہ اب یہاں سے جلدی کارروائی کی جائے گی اس لیے اس کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘تاہم ترجمان نے اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ شدت پسند کہاں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔خیال رہے کہ الشباب صومالیہ میں کٹر اسلامی قوانین کا نفاذ چاہتی ہے ۔ اسے سنہ 2011 میں دارالحکومت موغادیشو سے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا گیا تھا تاہم اب بھی اسے صومالیہ کے جنوبی علاقوں میں کنٹرول حاصل ہے، جہاں سے وہ ملک بھر میں حملے کرتے ہیں۔الشباب صومالیہ کے ہمسایہ ملک کینیا میں بھی متعد کارروائیں کر کے سینکڑوں افراد کو ہلاک کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز