کابل(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق طالبان اور ایران کی سرحدی فوج کے درمیان آج افغانستان کے صوبے نیمروز کے قریب ہونے والی جھڑپوں میں ایران کی جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ جھڑپیں نیمروز صوبے کے قریب ایران اور افغانستان کی سرحد پر ہوئیں۔
سرحد پر ہونے والی ان جھڑپوں میں ایران کی جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ طالبان نے جواب میں امریکی ہموی گاڑیوں کا استعمال کیا ہے۔
اب تک کے اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کے نتیجے میں طالبان نے دو چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔طالبان نے جن چوکیوں پر قبضہ کیا ہے ان میں ایک کا نام دوست محمد اور دوسری بالا سیاہ چشمان ہے۔
جبکہ ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کی سرحدی افواج اور افغان طالبان نے ’سرحدی غلط فہمی‘ پر جھڑپیں ختم کر دیں۔ ’جھڑپیں ختم کرنے کے بعد ایران طالبان کے ساتھ سرحدی تنازعے پر بات کر رہا ہے،
خبر رساں ادارے تسنیم نے مزید کہا کہ طالبان کی طرف سے ایرانی سرحدی کیمپ پر قبضے کی اطلاعات غلط ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان اور ایرانی بارڈر گارڈز کے درمیان لڑائی بدھ کی شام روک دی گئی اور اس جھڑپ کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔