سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںطالبان کا مزید دو صوبائی دارالحکومتوں سرِ پل اور قندوز پر قبضے...

طالبان کا مزید دو صوبائی دارالحکومتوں سرِ پل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ، امریکی طیاروں کی شبرغان پر بمباری

کابل(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق افغانستان میں طالبان کی جانب سے دو مزید صوبائی دارالحکومتوں سرِپل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم باضابطہ طور پر تاحال سرکاری سطح پر اس حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اُن کے جنگجوؤں نے قندوز اور سرپُل پر مسلسل حملوں کے بعد آج صبح کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور دونوں صوبائی دارالحکومتوں کے تمام سرکاری دفاتر ان کے قبضے میں ہیں۔‘

اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن امرالدین ولی نے بتایا کہ ’شہر کے مختلف علاقوں کے چپے چپے میں شدید لڑائی جاری ہے۔‘

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے قندوز کے رہائشی عبدالعزیز نے بتایا تھا کہ ’طالبان شہر کے مرکزی سکوائر تک پہنچ چکے ہیں اور اس دوران ان پر فضائی بمباری ہو رہی ہے۔ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔‘

کابل میں امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ اگر طالبان بین الاقوامی قانونی جواز کا دعویٰ کرتے ہیں تو مسلسل حملے انہیں ان کی قانونی حیثیت کے قریب نہیں لائیں گے۔ انہیں اپنی توانائی امن عمل کے لیے وقف کرنی چاہیے نہ کہ ایک فوجی مہم کے لیے۔‘

گذشتہ روز صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر طالبان کے قبضے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی تھی جبکہ دو روز قبل طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کیا تھا۔

اگر طالبان قندوز پر قابض ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ اب تک ان کے قبضے میں آنے والے اہم ترین صوبائی دارالحکومت میں سے ایک ہو گا۔

ملک کے زیادہ تر دیہی علاقوں کا کنٹرول پہلے ہی افغان فورسز کے ہاتھ سے نکل کر طالبان کے پاس جا چکا ہے اور اس وقت افغان فورسز ملک کے شہروں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کے نائب ترجمان فواد امان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ جوزجان کے شہر شبرغان سے طالبان کا قبضہ واپس لینے کے لیے امریکی فضائیہ کے بی 52 لڑاکا طیاروں نے گذشتہ شام طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں انھیں شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ان کی جانب سے ان فضائی حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’یہ حملے ان کی پناہ گاہوں اور اجتماعات پر کیے گئے تھے جن میں 200 سے زیادہ دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے اسلحے اور سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘افغان فورسز کے ننگرہار، لغمان، غزنی، پکتیا، پکتیکا، قندھار، اروزگان، ہرات، فراہ، جوزجان، سرِ پل، فریاب، ہلمند، نمروز، قندوز، بدخشان، تخار اور کپیسا میں مختلف آپریشنز میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 572 دہشتگرد اور 309 زخمی ہوئے ہیں۔’

یہ بھی پڑھیں

فیچرز