پیرس ( ہمگام نیوز ) فرانس اورجرمنی نے جمعرات کے روز ایران کی جانب سے مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں ایک نوجوان کو پھانسی دینے کی مذمت کی ہے۔ستمبر کے بعد سے حکومت کو ہلا کررکھ دینے والے احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے پرسنائی گئی سزائے موت پر یہ پہلی مرتبہ عمل درآمد کیا گیا ہے۔
فرانس کی وزارت خارجہ کی ترجمان این کلیئر لیجنڈری نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ پھانسی دیگر سنگین اور ناقابل قبول خلاف ورزیوں میں سرفہرست ہے۔انھوں نے ایران میں 23 سالہ محسن شکاری کو دی گئی پھانسی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جرمن وزیرخارجہ انالینا بیربوک نے شکاری کو سولی چڑھائے جانے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے انسانی جانوں کے تئیں تحقیر لامحدود ہے۔انھوں نے کہا کہ شکاری کو ڈھونگ سمری ٹرائل کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔