Homeانٹرنشنلفرانس کی فلسطینی گاؤں کا وجود مٹانے کے اسرائیلی بیان کی شدید...

فرانس کی فلسطینی گاؤں کا وجود مٹانے کے اسرائیلی بیان کی شدید مذمت

پیرس ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق فرانس نے اسرائیلی حکام کی طرف سے غرب اردن کے علاقے حوارہ کو مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹانے کے نفرت انگیز بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ اسرائیلی وزراء کی جانب سے حوارہ گاؤں کا وجود مٹانے کے مذموم بیانات اور دھمکیاں ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کی ترجمان این کلیئر لوگینڈر نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان تبصروں سے “نفرت اور موجودہ کشیدگی” میں اضافہ ہوگا۔

اس سے قبل خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اسرائیلی حکام کے ان بیانات کی مذمت کی تھی اور انہیں نسل پرستانہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر خزانہ بسیلیل سموٹریچ نے فلسطینی گاؤں حوارہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دی تھی۔

بسیلیل کے اس دھمکی آمیز بیان کے بعد عرب ممالک اور عالمی سطح پر اس بیان کی شدید مذمت کی جاری ہے۔ قبل ازیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور کئی دوسرے ممالک نے اسرائیلی وزیر کے حوارہ گاؤں سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی تھی۔

Exit mobile version