لندن(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ(برطانیہ برانچ) کا اجلاس آرگنائزر شاہد بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف تنظیمی امور زیر بحث لائے گئے اجلاس میں پارٹی پروگرام اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بحث ہوئی پارٹی کی تنظیم کاری کے حوالے سے بھی بہت سے فیصلے کئے گئے جن میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے اور اسے مضبوط بنانے کیلئے عوام سے قریبی روابط رکھے جائیں گے ایک مضبوط جماعت ہی بلوچ قومی تحریک کو اس کی منزل تک پہچا سکتی ہے اور فری بلوچستان موومنٹ کی قیادت بلوچستان کی آزادی کے حوالے سے واضح موقف اور پروگرام رکھتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فری بلوچستان موومنٹ 27 مارچ کی مناسبت سے لندن میں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کرے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ27 مارچ 1948، بلوچ تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے، یہ ایک تاریخی حقیقت ہے اور اسے کسی صورت جھٹلایا یا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اس دن بلوچستان کی ریاست قلات پر پاکستانی افواج نے فوج کشی کرتے ہوئے اسے بزور طاقت پاکستان میں شامل کیا۔
اجلاس میں ایک تنقیدی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تنقیدی نشست میں شبیر بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قومی جدوجہد میں شامل ہر ایک کارکن ہمارے لیے قومی سرمایہ ہے اور ہر ایک جوابدہ بھی ہے، ہمارا ہر عمل ہم سے آنے والے وقتوں میں جواب مانگے گا۔


