نیویارک(ہمگام نیوز ڈیسک) نیوز ایجنسی AFP کے مطابق امریکا اور دیگر ممالک میں سیاسی سرگرمیوں پر اثرانداز ہونے والے ’غیرتصدیق شدہ‘ فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ فیس بک کی انتظامیہ نے’سیاست پر منفی انداز میں اثر ڈالنے‘ کے الزام میں ایران، روس، مقدونیہ اور کوسوو سے مجموعی طور پر 2600 جعلی اکاؤنٹس غیر فعال کردیے۔فیس بک سائبرسیکیورٹی پالیسی کے سربراہ نیتھنیل گلیشر نے بتایا کہ ’چاروں ممالک میں غیر فعال کیے گئے ’جعلی‘ اکاؤنٹس باہم رابطے میں نہیں تھے لیکن دیگر افراد کو گمراہ کرنے کے لیے ایک طرح کے حربے استعمال کرتے تھے کہ وہ کون ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’ہم مسلسل ایسے اکاؤنٹس کو غیر فعال اور روک رہے ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ ہماری خدمات کو لوگوں کو گمراہ کرنے لیے استمعال کی جائیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ’جعلی فیس بک اکاؤنٹس کو غیر فعال کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں لیکن یہ عمل ہمارے لیئے ایک چینلج ہے‘۔دوسری جانب فیس بک انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ مقدونیہ اور کوسوو سے تقریباً 212 اکاؤنٹس غیر فعال کیے گئے جنہوں نے خود کو آسٹریلیا کا صارف ظاہر کیاتھا اور امریکا سمیت برطانیہ کی سیاست، شعبہ فلکیات، شوبز شخصیات اور بیوٹی ٹپس سے متعلق ’غیر مصدقہ‘ مواد پوسٹ کیے تھے۔خیال رہے کہ جنوری میں فیس بک نے ایران سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں اکاؤنٹس غیرفعال کردیے تھے جو تقریباً 20 سے زائد ممالک میں ’خاص معلومات کو مہم‘ کے ذریعے شیئر کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ روس سے تقریباً 1 ہزار 907 اکاؤنٹس غیر فعال کیے گئے ہیں جو یوکرین سے متعلق خبروں اور سیاست پر عوامی جذبات کو بھڑکا رہے تھے۔