کیلیفورنیا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سابقہ عہدیدار نے اس پر فیک نیوز سے متعلق شواہد چھپانے اور کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش جیسے سنگین معاملات کا انکشاف کردیا۔
فیس بک کی سابقہ عہدے دار فرانسس ہاؤگن نے گزشتہ روز امریکی ٹی وی شو کو انٹرویو میں فیس بک کے کاروباری طریقہ کار سے متعلق سنگین انکشافات کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک کو علم تھا کہ اسے نفرت اور فیک نیوز پھیلانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیس بک نے شواہد چھپائے، کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔
فرانسس نے یہ بھی کہا کہ فیس بک نے عوامی مفاد پر ذاتی مفاد اور منافع خوری کو ترجیح دی۔
فیس بُک کی سابقہ عہدے دار فرانسس ہاؤگن امریکی سینیٹ کمیٹی میں پیش ہوئیں جہاں کم عمر بچیوں کے ذہن پر انسٹاگرام کے منفی اثرات زیر بحث آئے۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی کشتی کے سفر کی ویڈیو بھی امریکی سینیٹ میں سماعت کے دوران تنقید کی زد میں رہے، کئی سینیٹرز نے مارک زکربرگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اتوار کو مارک زکربرگ نے فیس بک اور انسٹاگرام پر اپنی اور اپنی بیوی کی ویڈیو شئیر کی جس میں وہ کشتی کا سفر کرتے نظر آرہے ہیں۔
وڈیو کو فیس بک کے نئے اسمارٹ گلاسز پر شوٹ کیا گیا ہے۔
سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے کہا کہ مارک زکربرگ کو آئینہ دیکھنا چاہیے لیکن قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرنے اور ذمے داری لینے کے بجائے وہ کشتی پر سفر کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا بھر میں فیس بک کی سروسز 7 گھنٹے تک معطل رہنے کی وجہ سے کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔