کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزادکے مرکزی ترجمان نے بی ایس او آزاد جھاؤ زون کے ڈپٹی آرگنائزر خمار بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پرامن سیاسی کارکنوں کے لئے بلوچستان کو قابض فورسز کی موجودگی نے ایک خطرناک ترین خطہ بنا دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دو ہفتوں کے دوران فورسز اور ان کے قائم کردہ ڈیتھ اسکواڈ کی فائرنگ سے بی ایس او آزاد کے دو زونل رہنماء شہید کردئیے گئے ہیں۔پانچ فروری کو مشکے زون کے آرگنائزر حاصل قاضی کو کولواہ میں فورسز نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کردیا، جبکہ آج جھاؤ زون کے ڈپٹی آرگنائزر خمار بلوچ کو ڈیتھ اسکواڈ نے جھاؤ کے علاقے کورک میں فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔ رواں مہینے تنظیم کے دو زونل لیڈران کی شہادت اور مرکزی انفارمیشن سیکرٹری شبیر بلوچ کی اغواء نما گرفتاری کسی قومی سانحے سے کم نہیں ہے۔ خمار بلوچ ولد اسحٰق گزشتہ سات سال سالوں سے بی ایس او آزاد سے منسلک تھے ۔ تنظیم اور تحریک کے لئے شہید لیڈر خمار بلوچ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ روشن فکر اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور سیاسی کارکنوں کو اغواء کے بعد گمشدہ کرنے کی ریاستی پالیسیوں پر عالمی اداروں کی خاموشی کی وجہ سے بلوچستان سیاسی کارکنوں کے لئے غیر محفوظ بن چکا ہے، کیوں ریاستی فورسز اور ان کے ڈیتھ اسکواڈز سیاسی کارکنوں کو بھرے بازاروں سے اغواء کرنے اور سرعام گولی مارنے کی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔بی ایس او آزاد لیڈر کو شہید کرنے کے علاوہ گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی سے ایک خاتون اور قلات سے تین مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ خاتون سمیت چاروں لوگ فورسز کی حراست میں قتل کردئیے گئے تھے۔ ترجمان نے شہداء کی قربانیوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے اس عظم کا اظہار کیا کہ بلوچ وطن کی آزادی کی بحالی کے لئے جدوجہد کرنے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کوکسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شبیر بلوچ کی بازیابی کے لئے چلائی جانے والی بی ایس او آزاد کی مہم کے تحت آج بی این ایم اور بی ایس او آزاد کی طرف سے شبیر بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف آسٹریلیا میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کارکنوں نے مظاہرے کے شرکاء میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔مظاہرین نے نعرہ بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلوچ سیاسی کارکنوں کی بہ حفاظت بازیانی کو ممکن بنانے کے لئے آسٹریلیا کی حکومت، اقوام متحدہ اور دیگر زمہ دار ملک اور ادارے اپنا کردار ادا کریں۔


