تربت:(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق قابض پاکستانی فورسز نے جمعہ صبح 9 بج کر 45 منٹ پر تربت کے علاقے سنگانی سر سے عدنان طاہر ولد طاہر کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق عدنان طاہر کا تعلق سنگانی سر سے ہے اور وہ قابض پاکستانی پولیس میں ملازم تھے۔ جب وہ ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ راستے میں قابض فورسز نے انہیں زبردستی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدنان طاہر کا کسی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ باقاعدگی سے اپنی سرکاری ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ ان کا اغوا نہ صرف ریاستی جبر کی ایک اور کڑی ہے بلکہ مقبوضہ بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں کی پالیسی کا تسلسل بھی ہے۔
عدنان طاہر کے اہلخانہ اور اہلِ علاقہ نے ان کی بازیابی کے لیے کل 31 مئی کو صبح 10 بجے ڈپٹی کمشنر آفس تربت کے سامنے احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے اجتماعی آواز بنیں اور لاپتہ افراد کے حق میں آواز بلند کریں۔