چهارشنبه, اکتوبر 9, 2024
Homeخبریںقاہرہ چرچ حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں : قطر

قاہرہ چرچ حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں : قطر

دوحہ(ہمگام نیوز)قطر نے قاہرہ میں چرچ پر خودکش بم حملے میں ملوث ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے اس دعوے کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں گذشتہ اتوار کو قبطی عیسائیوں کے ایک گرجا گھر میں خودکش بم دھماکے میں قطر کا کردار ہے۔یہ دعوی ایک مشتبہ حملہ آور کے 2015 میں قطر کے سفر کی بنا پر کیا گیا ہے۔قاہرہ میں بم دھماکے میں ملوث ایک مشتبہ شخص محب مصطفی السید قاسم نے گذشتہ سال دسمبر میں قطر کا سفر کیا تھا۔قطری وزارت خارجہ کے دفتر معلومات کے ڈائریکٹر احمد الرومیحی نے کہا ہے کہ یہ شخص تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وزٹ ویزے پر خلیجی ریاست میں آیا تھا۔یہ مشتبہ شخص یکم دسمبر 2016 کو واپس قاہرہ چلا گیا تھا۔قطری حکام کا کہنا ہے کہ انھیں مصری سکیورٹی فورسز،عرب یا بین الاقوامی پولیس (انٹرپول) کی جانب سے اس مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے یا اس کو قطر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی۔احمد رومیحی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر کا مصر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کو چھپانے کے لیے دہشت گردی کے اس واقعے سے تعلق جوڑنے سے کسی بھی طرح دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔واضح رہے کہ سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اس خودکش بم دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز