واشنگٹن ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق ایران انٹرنیشنل نے انکشاف کیا ہے کہ جان بولٹن اور مائیک پومپیو کے قتل کی کوشش کے سرغنہ سابق امریکی انتظامیہ کے عہدیدار اور قدس فورس کے سابق کمانڈر محمد رضا انصاری تھے۔
ذرائع کے مطابق ناکام منصوبہ میں قتل کو انجام دینے کے لیے ایک غیر ایرانی ایجنٹ کو بھرتی کرنے کا کہا گیا تھا تاکہ حکومت کے عناصر کا کردار سامنے نہ آئے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ آپریشن کے انچارجوں نے جس شخص کو لالچ دیا تھا وہ ایف بی آئی کا تھا اور اس طرح یہ ایرانی منصوبہ ناکام ہوگیا۔
اگست 2022 امریکی محکمہ انصاف نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک رکن پر قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔
وزارت نے اس وقت کہا تھا کہ 45 سالہ شہرام بورصفی جسے مہدی رضائی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے اقوام متحدہ میں امریکہ کے سابق سفیر بولٹن کو قتل کرنے کے لیے امریکہ میں لوگوں کو 3 لاکھ ڈالر دینے کی پیش کش کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جان بولٹن کے قتل کی کوشش ممکنہ طور پر پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے تھی۔ قاسم سلیمانی کو 2020 کے اوائل میں بغداد میں ایک امریکی حملے میں مار دیا گیا تھا۔
سنگین خطرہ
یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے نومبر میں کانگریس کو بتایا ہے کہ پومپیو اور ایران کے لیے امریکی خصوصی نمائندے برائن ہک اب بھی غیر ملکی طاقت یا کسی غیر ملکی طاقت کے ایجنٹ کی طرف سے سنگین خطرہ کا شکار ہیں۔
گزشتہ مارچ میں امریکی محکمہ خارجہ نے پومپیو اور برائن ہک کو 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ماہانہ 2 ملین ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی کی تھی۔