Homeخبریںقلات اور گومازی میں ناکہ بندیوں اور جھڑپوں میں 7 فوجی اہلکار...

قلات اور گومازی میں ناکہ بندیوں اور جھڑپوں میں 7 فوجی اہلکار ہلاک، متعدد زخمی ہونے کا دعویٰ

کوئٹہ (ھمگام نیوز) بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ 22 اور 23 جولائی کو قلات اور گومازی میں تنظیم کے مسلح ارکان کی کارروائیوں کے دوران پاکستانی فوج کے 7 اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق 23 جولائی کو ضلع قلات کے علاقے منگچر میں مرکزی شاہراہ پر دو گھنٹے سے زائد وقت تک ناکہ بندی کی گئی، جہاں گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد پاکستانی فوج نے علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کی، جس پر دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بی ایل ایف کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں دو فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ فورسز پسپا ہونے پر مجبور ہو گئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 22 جولائی کو تمپ کے علاقے گومازی میں تنظیم کے ارکان گشت پر تھے، جہاں مبینہ طور پر پاکستانی فوج کی ناکہ بندی سے آمنا سامنا ہوا۔ ترجمان کے مطابق دونوں جانب ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جھڑپ جاری رہی، جس میں پانچ فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسی روز قلات کے علاقے رودینجو میں مرکزی شاہراہ پر ایک اور ناکہ بندی کے دوران پاکستانی فوج نے پیش قدمی کی اور مارٹر گولے فائر کیے، جس کے جواب میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بیان کے مطابق اس کارروائی میں ایک فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا اور فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

بی ایل ایف کے ترجمان نے قلات اور گومازی میں ہونے والی ان کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ان دعوؤں کی پاکستانی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، اور آزاد ذرائع سے بھی ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز