Homeخبریںکوہلو، خاران، نصیر آباد اور روجھان میں پاکستانی فورسز اور تنصیبات پر...

کوہلو، خاران، نصیر آباد اور روجھان میں پاکستانی فورسز اور تنصیبات پر حملے

کوئٹہ ( ھمگام نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں کوہلو، خاران، نصیر آباد اور روجھان میں پاکستانی فورسز اور اہم تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع کوہلو کے علاقے ہسڑی میں آج صبح انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کے اہلکاروں پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں اہلکاروں کو جانی و مالی نقصان پہنچا، تاہم نقصانات کی درست تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

دوسری جانب ضلع خاران کے علاقے تازینہ میں پاکستانی فوج اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ کی اطلاع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج علاقے میں آپریشن کر رہی تھی، جس دوران مسلح افراد نے مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق اس حملے میں فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ فورسز کو علاقے سے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب بھی اسی علاقے میں پاکستانی فورسز نے پیش قدمی کی کوشش کی تھی، تاہم صورتحال کشیدہ رہی۔

ادھر ضلع نصیر آباد میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ پنجاب جانے والی گیس سپلائی لائن کو ضلع روجھان کے علاقے میں بھی دھماکے سے نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں دھماکوں کے نتیجے میں گیس پائپ لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری حکام کی جانب سے ان واقعات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ حملوں میں ہونے والے نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز