قلات (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق آج شام مغرب کے بعد کوئٹہ کراچی خونی شاہراہ پر قلات کے قریب رودینجو کے مقام پر ایرانی ڈیزل سے بھرے پروبکس گاڑی کا ٹوئیوٹا سرف سے خوفناک تصادم جس سے 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ چاروں افراد بُری طرح جھلس جانے کی وجہ سے شناخت نہ ہوسکے تاہم آخری اطلاعات کے مطابق ان میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے جو مکران ڈویژن کے کمشنر طارق زہری ہیں تاہم دیگر افراد کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ حادثے کی وجہ سے تین گھنٹے تک سڑک ٹریفک کے لئے معطل رہی۔
یاد رہے کہ ٹریفک زیادہ ہونے، اؤرلوڈنگ اور سنگل ٹریک ہونے کی وجہ سے اس روڈ پر آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں جس میں قیمتی انسانوں کی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ اس روڈ کو ڈبل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر مختلف اوقات کیمپین بھی ہوتی رہی ہے تاہم حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔


