سه شنبه, جون 17, 2025
Homeخبریںلاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاج ،بہنیں اپنے جذبات پر قابو نہ...

لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاج ،بہنیں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں،آنسو جھلک پڑے

کوئٹہ (ہمگام نیوز ) ڈیسک نیوز کے مطابق کوئٹہ میں 8 نومبر کی سہہ پہر لاپتہ افراد کے لواحقین نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا، احتجاج میں درجنوں افراد شریک ہوئے. دورانِ احتجاج لاپتہ افراد کے ذکر پر ان کی بہنیں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، ان کے آنسو چھلک پڑے اور وہ رو پڑیں جس پہ احتجاج میں موجود دیگر افراد بھی آبدیدہ ہو گئے.

واضح رہے کہ یہ احتجاجی مظاہرہ مبینہ طور پر لاپتہ کیے گئے شبیر بلوچ کے لواحقین کی جانب سے کیا گیا جو آواران سے کوئٹہ آئے تھے. اس میں ان کی بیوی اور بہن شامل تھیں. انہوں نے شبیر بلوچ کی بازیابی کے لیے لاپتہ افراد کے کیمپ میں ایک ہفتے کی ٹوکن بھوک ہڑتال کی اور جمعرات کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا. مظاہرے میں شرکت کے لیے بلوچستان کے دیگر علاقوں سے بھی لاپتہ افراد کے لواحقین شریک ہوئے.

اس کے علاوہ کوئٹہ سے سیاسی سماجی کارکنوں کی کثیر تعداد بھی احتجاج میں شامل ہوئی.

لاپتہ شبیر بلوچ کی بہن سیما بلوچ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں لکھا کہ وہ نومولود بچے کے ساتھ احتجاج میں شریک ہیں جو نہیں جانتا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے، مگر اسے پتہ ہے کہ اس کی ماں احتجاج کر رہی ہے انصاف کے لیے اور انصاف تب ہو گا جب ہمارا بھائی لوٹے گا.”

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے پیاروں نے اگر کوئی غیرقانونی و غیرآئینی کام کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے لیکن اس طرح ماورائے عدالت گرفتار کر کے گم کر دینا انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے اور یہ سراسر ظلم ہے. ہماری اداروں سے اپیل ہے کہ انسانی بنیادوں پر ہمارے پیاروں کو واپس کیا جائے اور انہیں منظرعام پر لایا جائے.

یہ بھی پڑھیں

فیچرز