کابل (ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ایک سروے کے مطابق تقریباً 10 لاکھ افغان بچے مناسب خوراک نہ ملنے کی وجہ سے موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ نجی ٹی وی نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریب مائیں بھوکی رہتی ہیں جن کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو دودھ تک پلانے کے قابل نہیں۔ ان دنوں غریب افغانوں کے ان بچوں میں اتنی بھی سکت نہیں کہ وہ جی بھر کے رو سکیں۔ بھوک و افلاس کے شدید مشکل صورتحال میں افغانستان میں پڑنے والی سردیاں قاتل کا روپ دھار چکی ہیں۔ مختلف بیماریاں لیے بچے ہسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں مگر علاج کی سہولتیں آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق 70 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔