بیروت (ہمگام نیوز) لبنان کی سکیورٹی فورسز نے نشہ آور دوا کیپٹاگون کی لاکھوں گولیاں سعودی عرب میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
لبنان کے وزیر داخلہ محمد فہمی نے بتایا ہے کہ یہ لاکھوں گولیاں بیروت کی بندرگاہ سے سعودی عرب بھیجے جانے والے ایک کنٹینر میں چھپائی گئی تھیں۔یہ کنٹینر میں رکھے گئے پتھر کے ٹکڑوں کے درمیان سے ملی ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس کھیپ کو سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں بھیجا جانا تھا۔
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں تمام ممالک سے کہوں گا کہ وہ لبنان پر پہلے کی طرح اعتبارکریں۔
ان کا اشارہ سعودی عرب کی جانب تھا۔سعودی عرب نے اس سے پہلے اپریل میں لبنان سے آنے والے سامان میں نشہ آور اشیاء برآمد ہونے کے بعد تازہ پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عاید کردی تھی۔
لبنانی سکیورٹی فورسز پر بیروت کی بندرگاہ سے سعودی عرب بھیجے جانے والے سامان کی مناسب چیکنگ نہ کرنے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔خلیج کے بعض دوسرے ممالک نے سعودی عرب کے اقدام کی حمایت کی تھی اور لبنان سے سبزیوں اور پھلوں کی درآمدات پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔
دریں اثناء لبنان کے کاروباری خواتین وحضرات نے بیروت میں حکام پر زوردیا ہے کہ وہ بندرگاہوں پر برآمد کی جانے والی اشیاء کی اسکیننگ کے نظام مزید مؤثر بنائیں تاکہ اسمگلنگ کا دھندا کرنے والوں کی سرکوبی کی جاسکے۔
بیروت میں سعودی عرب کے سفیر ولید بخاری نے نشہ آور ادویہ کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی کارروائی کی تصاویر ٹویٹر پرجاری کی ہیں۔یہ تصاویر منشیات کے خلاف جنگ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ شئیر کی گئی ہیں۔