لورالائی( ہمگام نیوز )لورالائی میں ایک کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے تین کان کن ہلاک ہوگئے ہیں۔ کوئلے کی کان میں گیس بھرنے کا واقعہ لوارائی میں دکّی کے علاقے میں پیش آیا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق افغانستان سے تھا۔کوئلے کی کان کنی بلوچستان کی بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے اور مختلف علاقوں میں ساڑھے چار سو سے زائد کوئلے کی کانیں ہیں جہاں ایسے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔گذشتہ سال دسمبر میں دکّی میں کوئلے کی ایک کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں تین کان کن ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
جبکہ دکّی کے علاقے میں ہی گذشتہ برس فروری کے مہینے میں بھی کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد کان کن مارے گئے تھے۔


