چهارشنبه, دسمبر 25, 2024
Homeخبریںمارچ 2014 سے قابض پاکستانی فوج کے اذیت خانوں میں قید اسد...

مارچ 2014 سے قابض پاکستانی فوج کے اذیت خانوں میں قید اسد اللہ بلوچ کو بازیاب کیا جائے: لواحقین کی اپیل

تمپ ( ہمگام نیوز ) قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے 18 مارچ 2014 کو جبری طور پر اغواء ہونے والے تمپ کیچ کے رہائشی اسد اللہ بلوچ ولد فیض محمد کے لواحقین نے اسد اللہ بلوچ کی بازیابی کی اپیل کردی۔

مغوی اسد اللہ بلوچ کے بھائی نے کہا کہ ان کے والدین بیٹے کی جدائی میں شدت غم سے دل کے امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں اور شدید کرب و تکلیف میں ہیں۔ ہمارا خاندان اپنے لخت جگر کی جدائی سے اجڑ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسد اللہ کے اغواء سے لیکر اب تک میں نے احتجاج اور صدائے احتجاج بلند کرنے کے تمام ذرائع استعمال کئے مگر میری آواز اب تک کسی نے نہیں سُنی جو ہمیں مزید مایوسی اور کرب میں مبتلا کررہا ہے۔

اسد اللہ کے بھائی نے مزید کہا اگر اسد اللہ پر کوئی الزام ہے تو عدالتیں موجود ہیں، اس کو عدالتوں میں پیش کرکے اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے مگر اس طرح سے بغیر کسی قانونی و عدالتی کاروائی کے کسی کو اس طرح سے لاپتہ کرنا انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے۔

آخر میں انہوں نے علاقائی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسد اللہ کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرکے اپنی انسانی ذمہداری پوری کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز