چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںمتحدہ عرب امارات نے غیر ملکی افراد کے لیے شہریت کے دروازہ...

متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی افراد کے لیے شہریت کے دروازہ کھول دئیے

دبئی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوزڈیسک رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک سائنسدان، ڈاکٹر، انجنیئر، فنکار اور مصنفین اور ان کے خاندان سمیت خصوصی مہارت رکھنے والے افراد نئے قانون کے تحت شہریت متحدہ عرب امارات کی شہریت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے قوانین میں تبدیلی کی جارہی ہے اور اس کا مقصد معاشی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے والے افراد کی توجہ حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے متحدہ عرب امارات کی معیشت کا انحصار خام تیل کی برآمدات پر ہے مگر کورونا وائرس کی وبا اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے معیشت متاثر ہوئی ہے اور روزگار کے لئے متحدہ عرب امارات میں رہائش اختیار کرنے والے لاکھوں تارکین وطن کو ملک چھوڑنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای میں ابھی غیرملکی افراد کو شہریت نہیں دی جاتی بلکہ اقامے پر وہاں قیام اور روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔ ہر 2 یا 3 سال بعد اس کی تجدید کرانا ہوتی ہے۔مگر اب سرمایہ کار، ڈاکٹر سائنسدان، باصلاحیت افراد، دانشور، فنکار اور ان کے خاندان یو اے ای کے ساتھ موجودہ شہریت بھی برقرار رکھ سکیں گے یعنی دوہری شہریت کی اجازت ہوگی، جس کی ابھی مشرق وسطیٰ میں اجازت نہیں۔ شہریت حاصل کرنے کی اہلیت کا فیصلہ یو اے ای کے حکام کریں گے۔

یو اے ای کی جانب سے حالیہ برسوں میں طویل المعیاد قیام کے قوانین کو بھی نرم کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک سے باصلاحیت افراد کو وہاں لایا جاسکے۔

اس مقصد کے لیے 2019 میں 10 برس کا گولڈن ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا تھا، جس میں گزشتہ سال توسیع کرتے ہوئے 55 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز