مستونگ ،منگچر ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل آفس پر دھاوا بول کر فائرنگ کی، جس سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ،ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا، جبکہ علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں دیر تک سنائی دیتی رہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، حملے کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ مقامی انتظامیہ نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے۔ انہوں نے سرکاری کمپاؤنڈ میں موجود گاڑیوں کو آگ لگا دی اور وہاں موجود فورسز اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں علاقے میں زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی۔ نیشنل بینک بھی آگ کی لپیٹ میں آکر جل گیا۔
حملے کے بعد مستونگ سٹی کے مرکزی بازار اور گرد و نواح میں دکانداروں نے دکانیں بند کر دیں۔
تاحال کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔
دوسری جانب منگچر کے علاقہ زرد غلام جان منگچر ایریا میں ٹیوب ویل رگ پر کام کرنے والے جلیل احمد ولد مہراللہ قوم محمودزئی مینگل سکنہ حال بائی پاس شال نامی شخص کو مسلح افراد نے قتل کردیا ۔
لیویز نے نعش ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا مزید تفتیش جاری ہے۔


