قاہرہ ( ہمگام نیوز) مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 126 مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران 15 عام شہری بھی ہلاک ہوگئے ـ
مصر کی وزارت داخلہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ”قومی سکیورٹی کو بیرالعبد کے علاقے میں ایک مکان میں دہشت گرد عناصر کے چُھپے ہونے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔وہ وہاں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے سکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے پر چھاپا مار کارروائی کی تھی،اس کے بعد ان کی مشتبہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ چھڑ گئی جس میں 126 جنگجو مارے گئے ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو ان جنگجوؤں کے ٹھکانے سے 13 خود کار ہتھیار، دو بارودی بیلٹیں اور تین دھماکا خیز ڈیوائسز ملی ہیں۔
شمالی سیناء میں واقع بیرالعبد کے نزدیک جمعرات کو سکیورٹی فورسز کی ایک بکتربند گاڑی پر بم حملہ کیا گیا تھا۔اس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 10 فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے تھے۔
سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اس بم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ مصری فوج نے اس کے بعد جمعہ کو شمالی سیناء میں ایک کارروائی میں دو مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا۔
واضح رہے کہ مصر کو جزیرہ نما شمالی سیناء میں داعش سے وابستہ ایک مقامی جنگجو گروپ اور ماضی میں الاخوان المسلمون سے وابستہ مختلف جنگجو گروپوں کی جولائی 2013ء سے مزاحمتی سرگرمیوں کا سامنا ہے۔ سیناء اور ملک کے دوسرے علاقوں میں مصری سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ان میں 800 سے زیادہ جنگجو بتائے جاتے ہیں۔جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں یا ان کے حملوں میں بیسیوں سکیورٹی اہلکار بھی مارے جا چکے ہیں۔