دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںمصر: ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پانچ امریکیوں سمیت سات غیرملکی مبصر...

مصر: ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پانچ امریکیوں سمیت سات غیرملکی مبصر ہلاک۔

مصر (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق مصر کے صحرائے سیناء میں جمعرات کے روز بین الاقوامی مبصر مشن کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پانچ امریکیوں سمیت سات غیرملکی مبصر ہلاک ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کثیر قومی مبصرین سوار تھے۔ باقی دو مرنے والوں میں ایک فرانسیسی اور ایک چیک شہری ہے۔

کثیر قومی فورس اور مبصرین (ایم ایف او) کے ایک عہدہ دار براڈ لینچ نے ہیلی کاپٹر کے اس حادثے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ تاہم انھوں نے اس میں ہلاکتوں سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

لیکن ایک اسرائیلی ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ صحرائے سیناء میں’’ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ہے اور میرے پاس یہ اطلاع ہے کہ اس واقعے میں ایک فرانسیسی ،ایک چیک اور پانچ امریکی شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ کثیر قومی فورس اور مبصرین پر مشتمل گروپ 1979ء میں اسرائیل اور مصر کے درمیان کیمپ ڈیوڈ میں طے شدہ تاریخی امن معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا۔اس کا کام دونوں ملکوں کے درمیان اس معاہدے کی شقوں کی نگرانی ہے۔تاہم اس کا اقوام متحدہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز