کوئٹہ (ہمگام نیوز) تحریک بحالی بولان میڈیکل کالج کا اجلاس زیر صدارت حاجی عبداللہ خان صافی چئیرمین تحریک بحالی بی ایم سی کے ہوا اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفےٰ، رہنماء تحریک بحالی ڈاکٹر الیاس بلوچ وائس چئیرمین عبدالباسط شاہ صدر ایپکا بی ایم سی، مشتاق احمد لہڑی جنرل سیکرٹری ایپکا بی ایم سی، ندیم احمد خان، میر زیب شاھوانی صدر ورکرز اسو سی ایشن بی ایم سی، ڈاکٹر اعجاز بلوچ، ڈاکٹر طارق بلوچ، ڈاکٹر حئی بلوچ نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر بلوچستان کی جانب سے میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کی آئین شکنی کی سرپرستی کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ گورنر بلوچستان صوبے کے میڈیکل یونیورسٹی کے تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ اب جب کہ بولان میڈیکل کالج حکومت کے زیر انتظام آگیا ہے اس کے باوجود میڈیکل یونیورسٹی انتظامہ کالج کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔ گورنر بلوچستان متنازعہ ہوچکے ہیں۔
نااہل انتظامیہ دو سال میں میڈیکل یونیورسٹی بنانا تو دور پہلے سے بنے میڈیکل کالج کو تباہ کر چکے ہیں۔ ملازمین و طلباء کا استحصال ابھی تک جاری ہے نہ تو طلباء کے سکالرشپ جاری کیے جارہے ہیں نہ ملازمین کی تنخواہیں۔ انتقامی کاروائیوں معطلیاں مقدمات کا خاتمہ نہ ہوسکا۔
بلکہ یونیورسٹی انتظامیہ جان بوجھ کر مزید مسائل پیدا کر رہی ہے کالج کے امور میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے روکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ باقی ماندہ ترمیم جلد عمل میں لائی جائے اور وفاقی حکومت عوام دشمن گورنر کو فوری برطرف کرے بصورت دیگر تحریک ایک بار پھر سے احتجاج پر ہوگی۔