تہران (ھمگام نیوز) ایرانی نائب صدر محمد جعفر نے کہا کہ منجمد غیر ملکی اثاثوں میں سے 25 ارب ڈالر ایران کو ادا کیے جائیں گے۔ اس فنڈ کا استعمال تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اثاثوں کی رہائی کی مذاکراتی مہم میں قطر کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی نائب صدر محمد جعفر نے کہا کہ ایران کے منجمد غیر ملکی اثاثوں میں سے 25 ارب ڈالر مکمل طور پر ادا کیا جائے گا۔
مقامی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹو امور محمد جعفر نے کہا کہ ملک کے منجمد غیر ملکی اثاثوں میں سے 25 ارب ڈالر کا تخمینہ مکمل طور پر، اگرچہ بتدریج، ایران کو ادا کیا جائے گا جبکہ فنڈز تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
محمد جعفر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے ایران کی سفارتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ دورہ قطر کا مقصد اثاثوں کی رہائی کے طریقہ کار اور فریم ورک کو حتمی شکل دینا تھی۔
نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے جنگ کے سائے ہٹنے سے عوام کو درپیش معاشی مسائل کا ایک حصہ پہلے ہی ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ قابل رسائی مالی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور سہولت کو بہتر بنانے کے لیے اہم بنیادی ڈھانچے جیسے ٹرانسپورٹ کوریڈورز، ہائی ویز اور ہوائی اڈوں کی توسیع کیلئے استعمال کیا جائے گا۔














