شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارودی سرنگ دھماکہ ،قبائلی جھگڑوں ،بجلی کا کرنٹ لگنے اور خود کشی کے واقعہ میں 5 افراد ھلاک 7 زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی ماڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں ایک چرواہا جاں بحق ہوگیا ،لیویز نے لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔
علاوہ ازیں جھل مگسی کے علاقے کوٹ مگسی میں بجیرانی مگسی برادری کے دو مخالف گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی ایک بار پھر خونی تصادم میں بدل گئی۔ فریقین نے ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ ہفتے کی صبح اُس وقت پیش آیا جب دونوں گروپ کوٹ مگسی کے مقام پر آمنے سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان کئی سالوں سے زمین یا باہمی رنجش کا تنازع چلا آ رہا تھا، جو وقفے وقفے سے کشیدگی میں بدلتا رہا ہے۔
لیویز فورس واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں گروپوں کے درمیان جاری فائرنگ رکوا دی۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال کوٹ مگسی منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں ڈیرہ مراد جمالی یا لاڑکانہ ریفر کیے جانے کا امکان ہے۔
لیویز حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ مقامی عمائدین سے صلح صفائی کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کئی منٹوں تک جاری رہی اور دونوں جانب سے جدید اسلحہ استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں عام شہریوں میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور جلد قانون کی گرفت میں لائے جائیں گے۔
اس طرح کوہلو کے علاقہ ماوند مخماڑ میں دو گروہوں کے درمیان تصادم ہوا جہاں ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس میں سومار خان ولد کریم داد کنگرانی نامی ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔جاں بحق شخص کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرکے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیا۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی میں دوران کام بجلی کا کرنٹ لگنے سے واپڈا اہلکار جاں بحق ہوا ،جبکہ
گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر نوجوان نے اپنے آپ کو گولی مار دی،جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔


