جیکب آباد (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ضلع جیکب آباد میں خسرہ کی وباء نے تباہی مچا دی ہے، وباء نے گذشتہ دو ماہ میں 76 بچوں کو نگل لیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ضلع جیکب آباد میں خسرہ کی وباء نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور گذشتہ دوماہ کے دوران ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں 76 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس وقت بھی کئی بچے خسرہ کی وباء میں مبتلا ہیں۔ جیکب آباد میں خسرہ کی وباء سے بچوں کی اموات کا حکومت یا محکمہ صحت نے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ضلع جیکب آباد کی تحصیل ٹھل اس وقت سب سے زیادہ متاثر ہے، صرف ٹھل تحصیل میں اب تک 56 بچوں کی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ خسرہ سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی سینکڑوں بچے اس جان لیوا وباء میں مبتلا ہیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے اس کی روک تھام یا علاج کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ خسرہ کی وباء پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور معصوم بچوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔


