کوئٹہ(ہمگام نیوز) پشتونخوامیپ کے صوبائی بیان میں گزشتہ روز سمنگلی کلی سبیل کے قریب 60سالہ بزرگ پشتون ڈرائیور سلیمان شاہ عبدالرحمٰن زئی پر فورسز اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ اور انہیں شہید کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج اور انہیں گرفتار کیاجائے۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ رات کلی عبدالرحمٰن زئی کے رہائشی سلیمان شاہ عبدالرحمٰن زئی اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ اہلکاروں نے ان پر بلاوجہ اندھا دھند فائرنگ کی اور انہیں شہید کیا ۔ مگر افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ ان کی ایف آئی آر تک درج نہیں کیا جارہی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہر جگہ غریب پشتون عوام کا خون ناحق بہایا جارہا ہے اور ملک کے تمام علاقے پشتون عوام کیلئے غیر محفوظ ہوگئے اور اب پشتون عوام سرومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہوچکے ہیں۔