تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان ضلع تمپ گومازی سے تعلق رکھنے والے خواتین نے 12 سالہ کمبر ولد نظر اور زبیر ولد داد کریم کی بازیابی کے لیے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
اہلِ خانہ نے کہا کہ ان کے تین بچے 3 ستمبر 2026 کو موٹرسائیکل پر سوار مند آزیان سے جا رہے تھے کہ انہیں مین روڈ پر مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز نے اغوا کرکے لاپتہ کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تین روز قبل ان میں سے 14 سالہ حسین ولد جمعہ کی لاش مند میں پھینکی گئی تھی جب کہ ان کے دو دیگر بچے تاحال لاپتہ ہیں اور انہیں اپنے بچوں کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔
اہلِ خانہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے بچوں کو کس حالت میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بچوں کی بازیابی اور ان کی خیریت سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے تعاون کیا جائے۔
انہوں نے اپیل کی کہ اگر ان کے بچوں پر کوئی الزام ہے یا انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ اگر عدالت میں ان پر جرم ثابت ہو جائے تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے انہیں عدالتی فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے دونوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کرا کے انہیں خاندان کے حوالے کیا جائے۔


