غلنئ (ہمگام نیوز) ہیڈ کوارٹر غلنئی میں مہمند لاپتہ افراد کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی رہائی کے خاطر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے.
تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین نے ایجنسی ہیڈ کوارٹر غلنئ میں جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کرکے ریاستی اداروں کی طرف سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے اپنے رشتہ داروں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اس احتجاجی مظاہرے میں بڑوں کیساتھ بچے بھی شامل تھے جو اپنے والدین ، اور بھائیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر لاپتہ افراد کی تصویریں اور ان کے ساتھ انصاف کرنے کے نعرے درج تھے ۔
مظاہرین نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اگر مذکورہ لاپتہ افراد نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کرکے انہیں قانونی سزا دلوائیں مگر انہیں اس طرح جبری طور پر لاپتہ کرنا تمام انسانی قوانین کے خلاف ہے.
انہوں اس عمل کو غیر قانونی اور آذیت ناک قرار دیتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ۔
واضح رہے لاپتہ افراد کا مسئلہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر بدنامی کا باعث ہے جس میں ریاستی ادارے ( فوج اور انٹیلی جنس ادارے ) ملوث ہے جبکہ بلوچ اور پشتون علاقوں میں اس کے خلاف سالوں سے احتجاج بھی ہو رہا ہے جس نے اب باقاعدہ تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے ۔


