کوئٹہ (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق شارجہ دبئی سے 26 دسمبر 2018 کو دبئی انٹیلی جنس ایجنسی کے ہاتھوں لاپتہ راشد حسین بلوچ کے والدہ محترمہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انکے بیٹے کو غیر قانونی طور پر انٹیلی جنس ایجنسی نے اغوا کر کے پاکستان کے حوالے کیا جس کی زندگی کو پاکستانی قید میں شدید خطرات لاحق ہیں.
راشد حسین بلوچ کی والدہ نے کہا کہ دبئی انٹیلی جنس ایجنسی نے چھ ماہ انکے بیٹے کو اپنے قید میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور راشد حسین کو نہ اسکے وکیل اور نہ ہی انکے لواحقین سے ملاقات کی اجازت دی گئی، اقوام متحدہ سمیت دبئی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے پاس راشد حسین کا کیس بھی جمع کیا گیا اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی راشد حسین کی بازیابی کی اپیل کی تھی.
راشد حسین کی والدہ نے مزید کہا کہ چھ مہینے بعد پاکستانی میڈیا نے یہ خبر چلائی کہ راشد کو پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اب راشد حسین پاکستانی غیر قانونی حراست میں ہے جسے نامعلوم مقام پر رکھ کر منظر عام سے غائب کیا جا چکا ہے.
راشد حسین کی والدہ نے ویڈیو پیغام کے آخر میں پاکستان میں انسانی حقوق کیلئے سرگرم کارکنوں اور اقوام متحدہ سے اپیل کیا ہے کہ وہ راشد حسین بلوچ کو عدالت میں پیش کریں اور اگر اس کے بیٹے پر کوئی جرم ثابت ہوتا ہے تو قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کریں.