میناب(ہمگام نیوز ) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر میناب کے علاقے توکہور ہشتبندی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو بلوچ شہری نشانہ بن گئے۔ واقعے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ، 11 ستمبر 2026 کی شام میناب کے علاقے توکہور ہشتبندی میں پیش آیا، جہاں دو بلوچ شہریوں کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت 20 سالہ محمد حسین سلطانی ولد ایوب کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ وہ میناب کے علاقے توکہور کے رہائشی تھے۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے شہری کی شناخت 19 سالہ محمد کریم سلطانی ولد پرویز کے نام سے ہوئی ہے جو کہ وہ قلعه گنج کے رہائشی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، محمد حسین دو دیگر افراد کے ہمراہ ایک موٹر سائیکل پر اپنی منزل کی جانب جا رہے تھے کہ ایک گاڑی ان کے قریب پہنچی اور ان کا تعاقب شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار افراد نے موٹر سائیکل پر سوار افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد حسین اور ان کے ساتھی محمد کریم گولیوں کی زد میں آ گئے اور دونوں موٹر سائیکل سے گر پڑے، جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا شخص محفوظ رہا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کے مطابق محمد حسین موٹر سائیکل سے گرنے کے بعد متعدد گولیاں لگنے اور شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
رپورٹ کے مرتب کیے جانے تک فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت، حملے کے محرکات اور ان شہریوں کو نشانہ بنانے یا ان کا تعاقب کرنے کی وجوہات کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آ سکی تھیں۔


