کوہلو (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق آج صبح کاہان کے علاقے نساؤ میں سرنو انتخابات کیلئے جانے والے امیدوار کے قافلے پر ناہڑ کوٹ کے مقام سنگالی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ قافلہ نواب چنگیز مری کی جانب سے بیجھا گیا تھا، حملے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نساؤ میں سرنو انتخابات کے دوران نصیب اللہ مری کے کرائے کے قاتلوں پر بی ایل اے نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں نصیب اللہ کا دست راست گل خان لوہارانی ہلاک جبکہ تین کارندے زخمی ہوگئے تھے۔
گزشتہ روز کے حملے کے بعد نساؤ میں پولنگ یکسر ناکام ہوگیا تھا جس کے بعد گزشتہ رات پاکستانی حکومت نے آج واپس الیکشن منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی سلسلے میں نواب چنگیز مری کا قافلہ الیکشن کیلئے جارہا تھا جس پر حملہ ہوگیا۔
بی ایل اے کے بیان کے مطابق علاقہ ان کے کنٹرول میں ہے اور ترجمان نے ریاستی کیمپئینز کیلئے کسی بھی شخص کو علاقے میں نہ آنے کی تنبیہ کی ہے۔