ویلنگٹن ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے کے قریب پانیوں میں ایک کشتی الٹنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کشتی ایک وہیل سے ٹکرانے کے بعد الٹی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق کشتی میں 11 افراد سوار تھے۔ان میں زیادہ تر پرندوں کو دیکھنے والے گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ کشتی کائیکورا کے جنوب میں قریباً 15 کلومیٹر (نو میل) کے فاصلے پرگوز بے میں ہفتے کی صبح 10 بجے کے فوراً بعد کھڑے پانیوں میں الٹ گئی۔
اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کردی گئی اور قریباً سات گھنٹے پر محیط یہ امدادی کارروائی اس وقت ختم ہوئی جب پولیس کے غوطہ اسکواڈ نے کشتی کے اندر سے پانچ لاشیں برآمد کیں۔چھے افراد کو بچا لیا گیا اورانھیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کشتی کا کپتان بچ گیا تھا۔اس سے قبل سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں زندہ بچ جانے والوں کو 8.5 میٹرلمبی کشتی کے الٹے ہوئے پشتے پرمدد کے لیے ہاتھ لہراتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اس کی پولیس نے تصدیق کی تھی کہ ان کا تعلق مقامی چارٹر بزنس سے ہے۔
کائیکورا کے میئرکریگ میکل نے اے ایف پی کو بتایا کہ کشتی کے وہیل سے ٹکرانے کے ’’اشارے‘‘ ملے ہیں۔تاہم پولیس اس امکان پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گی کیونکہ اس کی تفتیش ابھی جاری ہے۔
کائیکورا پولیس سارجنٹ میٹ بوئس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس مرحلے پر ہمیں زیادہ تفصیل معلوم نہیں لیکن ہمارے پاس جو معلومات ہیں،ان کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک تصادم ہے۔یہ ایک بے مثال واقعہ ہے جس میں ہنگامی خدمات اور عوام کے ارکان کی جانب سے نمایاں ردعمل شامل ہے۔
میئرمیکل نے اس بات پرحیرت کا اظہار کیا ہے کہ کشتی کس طرح وہیل سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔انھوں نےاس بات کی تصدیق کی کہ سال کے اس حصے میں وہیل کائیکورا کے ساحل پر آتی ہیں۔اس وقت ہمپ بیک وہیل آرہی ہیں اور ہمارے پاس سپرم وہیل ہیں جو مقامی ہیں۔
کائیکورا اپنی وافر جنگلی حیات کی وجہ سے سیاحوں کے لیے ایک مقبول پُرکشش مقام ہے۔میکل کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔انھوں نے اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں کے ساتھ دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔