نیکشہر(ہمگام نیوز ) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر نیکشہر میں مسلح افراد نے قابض ایرانی فورسز کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک منی بس پر ابھی ابھی فائرنگ کی ہے ، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ 8 اکتوبر 2026 کو نیکشہر سے کنرک جانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ قابض ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی حملے کی اطلاع دیتے ہوئے ایک اہلکار کی ہلاکت اور تین دیگر اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منی بس میں ایرانی بری فوج کی 88 ویں زرہی ڈویژن کے اہلکار سوار تھے، جو اپنی ڈیوٹی شفٹ تبدیل کرنے کے لیے سفر کر رہے تھے۔ نیکشہر کے حدود میں مسلح افراد نے منی بس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت محمدرضا اوکاتی کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے زخمی اہلکاروں کی شناخت یا ان کی جسمانی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسی روز صبح زاہدان کے علاقے نصرت آباد کے علاقے لخشک میں بھی مسلح افراد نے کمانڈو یونٹ کی گشتی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں ایرانی فوج کا ایک اہلکار، سیکنڈ لیفٹیننٹ وحید عنایت، ہلاک ہوا تھا۔
تاہم ان حملوں کی مکمل تفصیلات اور ذمہ دار افراد کے بارے میں آزادانہ طور پر مزید معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔


