سونمیانی وندر(نمائندہ ہمگام نیوز)وندر، کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب مسافر کوچ اور مچھلیوں سے لدے مزدہ ٹرک میں تصادم ٹرک ڈرائیور جاں بحق ایک شخص زخمی ریسکیو مرک 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب کوئٹہ کراچی مین قومی شاہراہ N- 25 پر مسافر کوچ اور مچھلیوں سے لدے مزدہ ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجے میں مزدہ ٹرک ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
حادثے کے باعث مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے اتر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو مرک 1122 کی میڈیکل ایمرجنسی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
جاں بحق اور زخمی شخص کو ریسکیو سینٹر وندر کی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وندر پولیس نے ضابطے کی ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق شخص کی لاش ورثاءکے حوالے کردی۔


