سه شنبه, اپریل 22, 2025
Homeخبریںپارا چنار حملہ شام کی جنگ میں ایران کی شمولیت کا انتقام:...

پارا چنار حملہ شام کی جنگ میں ایران کی شمولیت کا انتقام: لشکر جھنگوی

اسلام آباد(ہمگام نیوز) پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں اتوار بازار میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے۔ لشکر جھنگوی نے اس کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

کرم ایجنسی کے مرکزی علاقے پارا چنار کے عید گاہ میدان میں لگنے والے اتوار بازار میں ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری سُنی عسکریت پسند گروپ لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کو تحریری طور پر پیغام میں خود کو لشکر جھنگوی کا ترجمان ظاہر کرنے والے ایک شخص علی بن سفیان نے لکھا ہے، ’’ یہ ہماری طرف سے ایران کی شام کی جنگ میں شمولیت کا انتقام ہے‘‘۔

لشکر جھنگوی کا کہنا ہے کہ پارا چنار میں بم حملے کا مقصد وہاں کی شیعہ کمیونٹی سے بدلا لینا ہے جو شام میں جاری جنگ میں اپنے اراکین کو شامی صدر بشار الاسد کی حامی فورسز کی صفوں میں شامل ہو کر آئی ایس کے خلاف جنگ میں شریک ہونے کے لیے بھیج رہی ہے۔

 پارا چنار کے اتوار بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اتوار کی صُبح یہ دھماکہ عین اُس وقت ہوا جب وہاں خریداروں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔ پارا چنار کا علاقہ اس شمالی قبائلی علاقے میں شیعہ برادری کا گڑھ مانا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز