دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںپارٹی کے سینئر کارکن حاجی انورایڈوکیٹ پر سفری پابندی اور الزامات قابل...

پارٹی کے سینئر کارکن حاجی انورایڈوکیٹ پر سفری پابندی اور الزامات قابل افسوس ہیں: ڈاکٹر مراد بلوچ

 

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مراد بلوچ نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں مقیم بی این ایم کے سینئر رکن حاجی انور ایڈوکیٹ پر سوئس حکام کی جانب سے سفری پابندیاں اور الزامات مہذب معاشروں کی اقدار کے منافی ہیں۔ وہ ایک کہنہ مشق سیاسی رہنما ہیں جو زمانہ طالب علمی سے بلوچ قومی سیاست میں برسرپیکار ہیں۔ اس جدوجہد میں ان کے فرزند زہیر بلوچ کو پاکستانی فوج نے اغوا کے بعد ٹارچرسیل میں اذیت رسانی سے قتل کرکے اس کی مسخ شدہ لاش پھینک دی۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان کی جانب سے سیاسی رہنماؤں پر شدید دباؤ، مارو اور پھینکو پالیسی جیسے بربریت سے جان بچاکر بلوچ سیاسی آواز کو مہذب دنیا تک پہنچانے کے لیے حاجی انور ایڈوکیٹ سمیت لاتعداد سیاسی کارکنوں نے مغربی ممالک کا رخ کیا تاکہ وہ وہاں سے بلوچ قومی تحریک کے لیے آزادی سے جدوجہدکرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سوئس امیگریشن کی جانب سے حاجی انور ایڈوکیٹ کی سفری دستاویز کی واپسی اور انہیں خطرہ قرار دینا ایک انتہائی افسوسناک عمل ہے کیونکہ موصوف بلوچستان کی آزادی کی جدوجہد کے علاوہ کسی اور سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔ اس جدوجہد کی پاداش میں ہم پر ہماری ہی سرزمین بلوچستان میں اسی طرح کی پابندیاں عائد کی گئیں۔ اگر یہی روش یورپ کے تہذیب یافتہ ممالک میں اپنایا گیا تو بلوچ قوم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہوگا کہ یہ ممالک پاکستان کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر بلوچ سیاسی رہنماؤں پر پابندیاں لگا رہی ہیں۔ جبکہ بلوچ قوم مہذب ممالک اور اقوام سے یہ توقع رکھتاہے کہ وہ بلوچ قوم پر ہونے والی زیادتیوں اور بلوچ سرزمین پر زبردستی قبضہ کے خلاف پاکستان کو جوابدہ ٹھہرائیں گے۔

ترجمان نے کہا ہم سوئس حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ حاجی انورایڈوکیٹ کے کیس پر نظرثانی کرکے انہیں عالمی سطح پرطے شدہ سکونت و سفری دستاویز سمیت سیاسی پناہ گزین کے تمام حقوق دے دیئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز